شہدائے چوٹہ بازار سرینگر کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا شاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے چوٹہ بازار سرینگرقتل عام کے شہداء کو ان کے یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انجام دیے گئے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ مجرموں کوقرارواقعی سزا دی جا سکے۔انہوں نے یہ مطالبہ چوٹہ بازار قتل عام کو 33سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا ۔ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے 1991میں آج ہی کے دن سرینگرکے علاقے زینہ کدل میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ کے بعد چوٹہ بازار میںاندھا دھند فائرنگ کرکے خواتین اوربچوں سمیت کم از کم 32 کشمیریوں کوشہید اور 22دیگرکو زخمی کردیا تھا۔حریت ترجمان نے شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔