انسانی یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری دنیا کی توجہ کے منتظر
اسلام آباد: آج جب دنیا بھر میں انسانی یکجہتی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد حکومتوں کو بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کی یاد دہانی کرانا ہے، کشمیری گزشتہ سات سات دہائیوں سے زائد عرصے سے حق خودارادیت کی فراہمی کا انتظار کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈولف ہٹلر سے متاثر ہ فسطائی بھارتی فورسز نے گزشتہ76سال کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں تقریبا 5 لاکھ مسلمانوں کو شہید کیا ہے جبکہ یہ علاقہ اگست 2019سے بھارتی فوج اور پولیس کے محاصرے میں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس دن کو منانے سے زمینی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جب تک انصاف اور امن کے بین الاقوامی علمبردار کشمیر اور فلسطین کے محکوم لوگوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوجاتے جن کے سیاسی حقوق بھارت اور اسرائیل کی قابض فورسز نے چھین رکھے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام باشعور انسانوں کو مقبوضہ جموں وکشمیرکے مظلوم لوگوں کی حمایت میں آواز اٹھانی چاہیے کیونکہ کشمیریوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر ایک آواز سے یقینا فرق پڑے گا۔رپورٹ میں کہاگیاکہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت انسانیت کی حمایت ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ کشمیری عوام جو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں، دنیا کی حمایت کے مستحق ہیں۔ رپورٹ میں عالمی برادری پرزوردیاگیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے اپنی آواز بلند کرے۔اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے جائز کاز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنا چاہیے۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ مودی حکومت کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اس کے جنگی جرائم پر قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔