مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں : رپورٹ
اسلام آباد:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرکے خوف ودہشت کے ماحول میں ہر کشمیری کو گھٹن محسوس ہورہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگ 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی طرف سے پیدا کردہ سنگین صورتحال میں زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا کہ مودی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور اسے ایک بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں کیونکہ یہ روزانہ کی بنیاد پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران عام لوگوں کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بناتی ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی حکام مقبوضہ علاقے میں شہریوں کو اندھادھند طریقے سے گرفتار کر رہے ہیں اور ان کے خلاف کالے قوانین نافذ کر رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اور اس کے حواریوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیریوں کے خلاف ان کے ظالمانہ ہتھکنڈے الٹے پڑجائیں گے کیونکہ کشمیری تمام ترمشکلات کے باوجود بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے محصور عوام کو بچانے کے لیے آگے آنا چاہیے اور اقوام متحدہ کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے۔