بھارت میں کشمیری طلباءپر تشدد اور مقدمات کے اندراج کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد02 نومبر (کے ایم ایس) بھارت میں کشمیری طلباءپر تشدد اور مقدمات کے اندراج کے خلاف مظفرآباد میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقامی طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اوروہ” بھارتی ظلم و جبر نامنظور“، ”کشمیری طلباءپر بے بنیاد مقدمات نامنظور“کے نعرے لگارہے تھے ۔ شرکاءنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ وہ ان گرفتاریوں کا نوٹس لیں۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے امبور کے مقام پرمظفرآباد راولپنڈی روڈ پر مارچ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، پرنسپل برہان شہید کالج حمزہ شاہین، ریڈ فاﺅنڈیشن ہائی سکول کے پرنسپل عبدالاحد لون اور ریفیوجی یوتھ فیڈریشن کے چیئرمین صدیق داﺅد کے علاوہ برہان شہید کالج اور ریڈفاﺅنڈیشن ہائی سکول کے طلباءو طالبات نے بھی شرکت کی۔مشتاق الاسلام،حمزہ شاہین، عبدالاحد لون اور صدیق داﺅد نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری طلباءکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ایک ظالم اور جابر ملک ہے جومقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے انتہا پسندی کی حد کردی اور اس نے مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کررکھاہے۔انہوں نے کہاکہ کرکٹ میچ ہار جانے پر بھارت نے کشمیری طلباءو طالبات کیخلاف بے بنیا دمقدمات درج کر کے ان کو گرفتار کیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یونیورسٹیوں اورکالجوں میں کشمیری طلباءکو خطرات لاحق ہیں اورعالمی برادری کو اس معاملے پر اپنا سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور اپنے ملک اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں پر جومظالم ڈھارہا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے اوروہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے انتہاپسندانہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرے کی علامت ہے۔مظاہرین نے سلامتی کونسل سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرکے بھارت کو غیر قانونی اقدامات سے روکیں اورکشمیری طلباءکی رہائی کیلئے اقدامات کریں۔