بھارت:آبدوز منصوبے سے متعلق معلوما ت افشا کرنے پر بھارتی بحریہ کے افسروں کے خلاف فرم جرم عائد
نئی دہلی03 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بھارتی بحریہ کے دو حاضر سروس افسروں سمیت چھ افراد کے خلاف ایک آبدوز منصوبے سے متعلق حساس معلومات افشاءکرنے کے الزام میں پہلی فرد جرم عائد کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حاضر سروس نیول افسروںپر مالیاتی فوائد کے عوض ریٹائرڈ افسروں تک آبدوز منصوبے کی خفیہ معلومات پہنچانے کا الزام ہے ۔ سی بی آئی نے رواں برس ستمبر میںچھاپہ مار کر دو ریٹائرڈ افسران کو گرفتار کیا تھا۔یہ دفاعی بدعنوانی کے معاملات میں تیز ترین تحقیقات میں سے ایک ہے کیونکہ ایجنسی نے 3 ستمبر کو پہلی گرفتاریوں کے 60 دنوں کے اندر فرد جرم دائر کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گرفتار ملزمان کو آسانی سے ضمانت نہ مل سکے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے نئی دہلی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی اپنی چارج شیٹ میںآئی پی سی (انڈین پینل کوڈ) کی دفعہ 120-B (مجرمانہ سازش) اور بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ کی مختلف دفعات شامل کی ہیں۔دو حاضر سروس کمانڈروں میں سے ایک اجیت کمار پانڈے ہیں۔ دیگر ملزمان میں ایک کورین آبدوز کمپنی کے لیے کام کرنے والے کموڈور رینک کے ریٹائرڈ افسر رندیپ سنگھ اور ایس جے سنگھ ، ایک نجی کمپنی کا ایک ڈائریکٹر اور ایک مبینہ حوالا آپریٹر شامل ہیں۔ سی بی آئی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ افراد محض ذاتی مفادات کیلئے بھارت کی کلو کلاس آبدوز پروگرام کے بارے میں حساس معلومات غیر مجاز لوگوں تک پہنچا رہے تھے۔