مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کو بلٹ پروف گاڑیوں سے لیس کیاجائیگا
جموں:مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اپنی فوج کو خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ بلٹ پروف لائٹ اسپیشلسٹ گاڑیوں سے لیس کر رہی ہے جس سے مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے بھارتی حکومت کے دعوئوں کی نفی ہوتی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے فوجیوں کے لیے 50 کے قریب جدید بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کرے گی۔بھارتی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے ساتھ راجوری اور پونچھ اضلاع میں فوج کی گاڑیوں پر حالیہ حملوں کے پیش نظرتقریبا 50 مزید جدید بلٹ پروف گاڑیوں کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید بلٹ پروف گاڑیاں متعارف کرانے سے مقبوضہ علاقے میں فوجیوں پر حملوں میں ہونیوالے جانی نقصان کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں بھارتی فوج کو جدید بلٹ پروف گاڑیوں سے لیس کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی اس طرح کی مزید گاڑیاں راجوری اور پونچھ اضلاع میں متعارف کرائی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوجی سرحدی اضلاع کے جنگل کے علاقوں میں سفر کے دوران ان جدید بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال کر رہے ہیں، تاکہ حملوں کے دوران جانی نقصان کم سے کم ہو۔