بھارت: جمعیت علمائے ہند کا منی پورمیں چار مسلمانوں کے بہیمانہ قتل پر اظہار تشویش
نئی دلی: جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانامحمود احمد مدنی نے ریاست منی پور میں ایک مرتبہ پھر تشدد میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چار مسلمانوں کے بہیمانہ قتل کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مولانا مدنی نے اس سلسلے میں بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ اور ریاستی وزیراعلیٰ این بیرن سنگھ کو خط لکھا ہے اور مسلمانوں کے قتل کے گھناﺅنے جرم کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں مسلمانوںکا قتل ہوا وہاں میتی(ہندو) برادری کے لوگ آباد ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مسلمان ریاست میں میتیوں(ہندﺅں) اور کوکیوں (عیسائیوں)کے درمیان مہینوں سے جاری ذات پات کی لڑائی میں بالکل غیر جانبدار ہیں لیکن اب انہیں بھی نشانہ بنایا جانے لگا ہے جو ریاستی حکومت کی غیر ذمہ داری کا نتیجہ ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوںنے جان بحق ہونے والے مسلمانوں کے ورثا کو مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ۔یاد رہے کہ شورش زدہ ریاست منی پورمیں تشدد کے ایک تازہ واقعے میں یکم جنوری کو ضلع للونگ تھوبل میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چار مسلمان جانبحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے تھے ۔