کانفرنس کے مقررین کا اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ
مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ ”حق خودارادیت کانفرنس“ کے مقررین نے اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کرتے اور وہ بھارتی مظالم کے باوجود اپنی تحریک مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں بیگناہ شہریوں کا قتل عام جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے صرف 1989سے اب تک ایک لاکھ کے لگ بھگ کشمیری شہید جبکہ ہزاروںلاپتہ کیے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ بھارت خود تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا تھا لیکن بعد میں وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے اپنے وعدے سے مکر گیا اور جموں وکشمیر پر اپنے جبری قبضے کو دوام بخشنے کیلئے لاکھوں فورسز اہلکار مقبوضہ علاقے میں تعینات کر دیے۔ مقررین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر و استبداد کا موثر نوٹس لے اور کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔کانفرنس سے حریت رہنما چودھری شاہین اقبال، شعیب شاہ ، ڈاکٹر یونس میر ، چوہدری محمد اسماعیل ، چوہدری مشتاق ، اقبال یاسین ، تنظیر اقبال ، نذیر میر ، سردار جاوید ، عامر عباسی ، ناصر لودھی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے اختتام پر تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما نذیر احمد شال مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔