امریکہ میں کشمیری رہنماو ں کا مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش
محکوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واشنگٹن میں پرامن احتجاج کا اعلان
واشنگٹن ڈی سی:کشمیری رہنماﺅں نے واشنگٹن میں ایک اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار آفتاب روشن خان کی رہائش گاہ پر ہونے والی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پرامن احتجاج 4 فروری بروز اتوار کو واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارتخانے کے باہر کیا جائے گا۔
چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار امجد جلیل نے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کے عوام اپنی سیاسی وابستگیوںسے قطع نظربھارت سے آزادی کی جدوجہد میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل بھارت اور پاکستان دونوں کی اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گا جو دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ سردار امجد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور ہم ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ہمارے پرامن احتجاج کا مقصد امریکہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی طرف مبذول کرانا اور بھارتی حکومت پر تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے دباو¿ ڈالنا ہے جو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت نے جنت ارضی کشمیر کو اس کے باشندوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔ صدرآزاد کشمیر کے مشیر سردار ظریف خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیر کی پرامن سیاسی مزاحمتی تحریک کو دبانے کے لیے تمام دستیاب فوجی طاقت استعمال کر رہی ہے۔
کشمیری امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شعیب ارشاد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں مایوس نہ ہونے دیں۔مقصود چغتائی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے سچی محبت اور پیار ہے جنہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ان محکوم بھائیوں کی فریاد سنیں۔
اجلاس کے میزبان سردار آفتاب روشن خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے جس پر عالمی طاقتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔