اسلام آباد :” فالس فلیگ آپریشنز اوربھارت میں انتخابی سیاست ”کے عنوان مباحثے کا انعقاد
اسلام آباد : ” فالس فلیگ آپریشنز اوربھارت میں انتخابی سیاست کے درمیان گٹھ جوڑ ”کے عنوان سے اسلام آباد میں ایک گول میز ڈسکشن کا اہتمام کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں عام انتخابات قریب آنے کے سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آبادکے انڈیا اسٹڈی سینٹرکے زیر اہتمام منعقد ہ گول میز مباحثے کے شرکا میں نامور سابق سفارت کار، دفاعی ماہرین، تھنک ٹینک کے نمائندے اور میڈیا اور تعلیمی برادری کے ارکان شامل تھے۔ مباحثے کا مقصد علاقائی استحکام پر اس طرح کے واقعات کے ممکنہ مضمرات کا جائزہ لینے کے علاوہ جنوبی ایشیا کے جغرافیائی سیاسی منظر نامے میں ذمہ دارانہ اقدامات کی ضرورت پر زور دینا تھا۔مباحثے میں بھارت میں انتخابات سے قبل ایک اور فالس فلیگ آپریشن کے خدشات، تاریخی نظیریں، سابقہ مثالوں میں طریقہ کار اور امن و سلامتی کے مسائل، دو طرفہ تعلقات سے متعلق عوامی تاثرات پر اس طرح کے واقعات کے اثرات پر غور کیا گیا۔ ماہرین نے پلوامہ واقعے کے ارد گرد کے واقعات، بالاکوٹ حملے کے بعد پاکستان کے فوری ردعمل اور سٹریٹیجک، سفارتی اور معلومات کے شعبوںمیں ملک کی بیک وقت مصروفیت کا تجزیہ کیا۔ شرکا نے علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم اور اسکے بروقت اور موثر ردعمل پر روشنی ڈالی۔ مختلف مواقع پر پاکستان کے ردعمل کے اختیارات کی حد پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے انتہائی چوکسی اور مجموعی تیاری کی اہمیت کو اجاگر کیااورفعال سفارت کاری کی اہمیت کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے اور اس کی حمایت میں بین الاقوامی برادری کے کردار پر بھی زور دیا۔