بھارت دنیا کا سب سے بڑا جمہوری نہیں بلکہ نسل پرست ملک ہے، مشعال
لاہور:
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے بھارت دنیا کا سب سے بڑا جمہوری نہیں بلکہ ایک نسل پرست ملک ہے۔
جیل میں بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک ویڈیو بیان میں مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت کو مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں اور بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے اور جمہوری اقدار کو مجروح کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی کی فسطائی حکومت نے اختلافی آوازوں کو دبانے کے لیے ریاستی دہشت گردی اور مظالم کی انتہا کر دی ہے۔انہو ں نے کہا کہ مودی حکومت کی تمام تر چیرہ دستیوںکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اس نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو پوری طرح سے ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے ہیں، بھارت نے کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کررکھا ہے لہذا اسے وہاں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔