کل ” یوم یکجہتی کشمیر “منایا جائے گا
اسلام آباد:
کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرنے کے لیے کل 5فروری بروز پیر” یوم یکجہتی کشمیر“ حسب روایت بھر پور انداز سے منایا جا ئے گا۔
کل پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر میں عام تعطیل ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنااور عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلانا بھی ہے۔
دن کا آغاز شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی ، جموں و کشمیر کی بھارتی قبضے سے جلد آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاں سے کیا جائے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ حق خودارادیت کے حصول کی جدجہد میں مصروف کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔
قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ریلیوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔