آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد
مظفرآباد: یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرمیں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں مقررین نے اس دن کی اہمیت کواجاگرکرتے ہوئے اسے بھارتی جارحیت کا شکار مظلوم کشمیری عوام کے لیے امید کی کرن قراردیاہے۔
”تحریک آزادی کشمیر کی موجودہ صورتحال میں یوم یکجہتی کی اہمیت” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں، عوام اور دنیا بھر کی انصاف پسند اقوام کی حمایت کی عکاسی کی۔ مقررین میںسابق چیف جسٹس ریٹائرڈسید منظور حسین گیلانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر مدہت شہزاد، سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز آزادکشمیرکی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ اور ایڈیشنل رجسٹرار سردار ظفر اقبال شامل تھے۔ انہوں نے بھارتی قبضے سے آزادی کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو سراہا۔سید منظور حسین گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیرکو مضبوط بنیادوں پر استوارکرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت کے جارحانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلوں اور جذبے کو سراہتے ہوئے جدید حکمت عملی اور تعلیم کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کشمیریوں کی جدوجہد کے تاریخی پس منظرپر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو سراہا اور بات چیت اور آگاہی پیدا کرنے کے ذریعے آزادی کے شعلے کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو کشمیر کاز کی وکالت کی خاطر بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زوردیا۔ڈاکٹر مشتاق احمد نے یکجہتی کے پیغام کو دہراتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔مدحت شہزاد نے کشمیر اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کیا ۔ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے پر زوردیا۔سیمینار کا اختتام مقبوضہ جموں و کشمیرکے بارے میں ایک دستاویزی فلم کی نمائش سے ہوا۔