کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کا افضل گورو، دیگر شہداءکو خراج عقیدت
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے ممتاز آزادی پسند کشمیری رہنما محمد افضل گورو اور دیگر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنی ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں محمد افضل گورو ، محمد مقبول بٹ اور دیگر لاکھوں شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت اپنے تمام تر جبر اور فوجی طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے لہٰذا اسے زمینی حقائق تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی طرف آنا چاہیے۔
انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنماﺅں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت انہیں بھی اپنے سیاسی فائدے کے لیے پھانسی پر چڑھا سکتی ہے۔ محمود احمد ساغر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ نظر بند رہنماﺅں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔
بھارت نے محمد افضل گورو کو 2013 میں آج ہی کے دن نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تختہ دار پر چڑھا کر انکا جسد خاکی جیل ہی کے احاطے میں دفن کر دیا تھا۔