خراج عقیدت

کشمیری اپنے شہداءکے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے پابند ہیں، مسرت عالم

مقبول بٹ کو خراج عقیدت

سرینگر 10 فروری (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کو ان کے39ویں یوم شہادت کے موقع پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداءکی قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے پابند ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے بھیجے گئے ایک پیغام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے کل مکمل ہڑتال کی کال کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ، شہید افضل گورو اور دیگر شہداءنے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ایک نئی جان ڈالی اور وہ کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غلامی سے آزادی کی جدوجہد ان عظیم قربانیوں کو یاد کرکے زندہ رہتی ہے اور یہ دن بھارت اور اس کے کٹھ پتلیوں کے خلاف ہماری نفرت مزید بڑھاتے ہیں۔
مسرت عالم بٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں اور اس عرصے کے دوران لاکھوں کشمیریوں نے اس مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شہدا کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیرکے لوگوں پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اپنے مطالبے پر ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ فسطائی بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی سرزمین پر حکومت کر رہا ہے لیکن ان کے دل کبھی نہیں جیت سکے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کی واپسی کے کشمیریوں کے مطالبے کو بھی دہرایا جو بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے احاطے میں دفن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دونوں شہداءکے جسد خاکی کشمیریوں کے حوالے نہ کر کے اخلاقیات کے تمام اصول پامال کر رہا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button