مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی

بھارتی ”این آئی اے“ نے متعدد مقامات پرچھاپے مارے

Maqbool-Bhat-2سرینگر : ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 40ویں برسی پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔
بھارت نے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میت جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دی تھی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں مولوی بشیر عرفانی، خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی اور محمد شفیع لون نے سری نگر میں اپنے بیانات میں محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاںبھارتی غلامی سے آزادی کی جدوجہد کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گز شتہ سات دہائیوں میں بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد ترک کرنے پر مجبور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا سے متاثر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سیاسی مفاد کے لیے غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت بھارت میں 2024کے انتخابات میں اقتدار میں واپسی کے لیے عدلیہ کا استعمال کرکے کشمیری رہنما کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتی ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ این آئی اے پہلے ہی دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کر چکی ہے جس میں لبریشن فرنٹ کے سربراہ کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں عوام سے کل مکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔ مختلف حریت تنظیموں کی جانب سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں پر چسپاں کیے گئے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پوسٹروںمیں کہا گیا ہے کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتے۔
دریں اثناء بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے پیراملٹری فورسز کے ساتھ مل کر آج کولگام، سرینگر، بارہمولہ اور جموں اضلاع میں متعدد مقامات پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور مکینوں کوسخت ہراساں کیا۔ این آئی اے اور دیگر بھارتی ایجنسیاں تحریک آزادی کے ساتھ وابستگی کی بناء پر کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button