مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے آزادی کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں: اسپیکر قومی اسمبلی

sp
اسلام آباد05نومبر(کے ایم ایس)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے آزادی کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسزکے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدو جہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 6 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ا سپیکر نے کہا کہ یہ دن 6 نومبر کے اس اندوہناک سانحے کی یاد دلاتا ہے جب ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج نے جموں اور اس کے ارد گرد کے علاقوں سے پاکستان ہجرت کرنے والے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ مہاراجہ کی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔اسپیکر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 75سال کے دوران ہزاروں مائوں کے جگر کے ٹکڑے شہید کیے جا چکے ہیں اور خواتین کی بے حرمتی کے ہزاروں واقعات رونما ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کے ہاتھ ہزاروں کشمیری شہدا ء کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سخت نوٹس لے اور علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔اسپیکر نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدو جہد کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے اور پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ آج کا دن ڈوگرا مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج کے اس ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے جب انہوں نے 6 نومبر 1947کو جموں وکشمیر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں سے پاکستان ہجرت کرنے والے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ 6نومبر 1947کے شہدا ء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاے گا۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتاہوا دیکھیں گے اور انہیں آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع ملے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ سے اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button