بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما عبدالسلام قتل
پٹنہ: بھارتی ریاست بہار میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی سیکریٹری اور ضلعی صدر عبدالسلام عرف اسلم مکھیا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ریاست کے علاقے گوپال گنج میں عبدالسلام پر فائرنگ کی ۔بھارتی پولیس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ڈی پی او پرانجل کمار نے صحافیوں کو بتایاکہ مقتول آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس کیس پر کام کر رہے ہیں۔عبدالسلام ایک ٹرین پکڑنے کے لیے جا رہے تھے جب حملہ آوروں نے ان پر حملہ کر دیا۔ انہیں ترکاہا کے صدر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔دسمبر 2023کے بعد بہار میں اے آئی ایم آئی ایم کے لیڈر کا یہ دوسرا قتل ہے جب سیوان میں پارٹی کے ضلع صدر عارف جمال کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے قتل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال دسمبر میں ہمارے سیوان کے ضلعی صدر عارف جمال کو گولی مار کرقتل کر دیا گیا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایاکہ صرف ہمارے لیڈر ہی کیوں؟ کیا ان کے اہل خانہ کو انصاف ملے گا؟