سرینگر:ہائیکورٹ نے میر واعظ پر عائد پابندیوں کی وضاحت کیلئے انتظامیہ کو دیڈ لائن دیدی
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے مودی نتظامیہ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے اسے ہدایت کی ہے کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق پر عائد پابندیوں کی فوری طور پر وضاحت کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس وسیم صادق نرول پر مشتمل ہائیکورٹ کی یک رکنی بنچ نے انتظامیہ کو میر واعظ پر پابندیوں کا جواز پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
میر واعظ نے گھر میں اپنی غیر قانونی نظر بندی اور نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد سرینگر جانے سے روکنے کے حوالے سے ہائیکورٹ میں ایک عرضداشت دائر کررکھی ہے ۔ یادر ہے کہ بھارتی انتظامیہ نے میر واعظ کو گزشتہ برس ستمبر میں چار برس سے زائد عرصہ کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد رہا کر کے انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جامع مسجد جانے کی اجازت دی تھی تاہم چند ہفتوں بعد ہی انہیں دوبارہ گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔KMS-12/M