”اسلامی تعاون تنظیم“ کی طرف سے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ
اسلام آباد 07 نومبر (کے ایم ایس) اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی ) نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس بات کا اعادہ او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں وکشمیر Yousef Aldobeay نے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مسئلہ فلسطین کی طرح ہے کیونکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور انہیں آبادیاتی تبدیلیوں کے خطرات کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہے۔Yousef Aldobeay نے کہا کہ جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ نے اس سال ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران ایک مشترکہ اعلامیہ میں کشمیریوں کی حمایت کا اعلان کیا۔او آئی سی کے ایلچی نے کہا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے دورے کے بعد او آئی سی کے آئندہ وزارتی اجلاس میں خطے کی صورتحال پر رپورٹ تیار کر کے پیش کریں گے۔خصوصی ایلچی سے ملاقات کرنے والوں میں غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین اور الطاف حسین وانی شامل تھے۔