قابض انتظامیہ نے ضلع اسلام آباد میں اب تک لوگوں سے 40ہزارکنال اراضی چھین لی
سرینگر21جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںقابض حکام نے اب تک ضلع اسلام آباد میںانسدادتجاوزات کے نام پر لوگوں سے مجموعی طورپر40ہزارکنال سے زائد اراضی چھین لی ہے جبکہ صرف گزشتہ تین دن میں لوگوں سے4200کنال سے زیادہ اراضی چھینی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ڈاکٹر بشارت قیوم نے کہا کہ مختلف تحصیلوں میں زمینوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور انسداد تجاوزات مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل اسلام آباد میں تقریبا 3150کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ اسی طرح تحصیل بجبہاڑہ میں اب تک4398کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا صرف اسلام آباد سب ڈویژن میں ہی گزشتہ دو دنوں میں تقریبا 1450کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلگام سب ڈویژن میں تقریبا 11300 کنال،کوکرناگ سب ڈویژن میں 4100کنال جبکہ ڈورو سب ڈویژن میں 10900کنال اراضی واگزار کرا ئی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسداد تجاوزات کے نام پر لوگوں سے وہ زمینیں چھین رہی ہے جو کئی کئی دہائیوں سے ان کے قبضے میں ہیں ۔کشمیریوں سے زمینیں چھیننے کا بنیادی مقصد بھارتی شہریوں کو آباد کرنا ہے تاکہ علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔