یہ بالکل جھوٹ ہے کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے، راہول گاندھی
نئی دلی: بھارت میں انڈین نیشنل کا نگریس نے بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کے سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بینک اکاو¿نٹس منجمد کرنے کے فیصلے کے خلاف آج( جمعرات ) پارٹی کی طرف سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ کانگریس رہنماﺅں نے نئی دلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ انتخابی مہم کے لئے اپنے کھاتوں سے رقم نہیں نکال پا رہے ہیں جسکی وجہ سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑا ہے۔
بھارتی محکمہ انکم ٹیکس نے دراصل گزشتہ ماہ کانگریس کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا تھا۔ کانگریس کا کہنا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ایسا مودی حکومت کے اشارے پر کیا ہے۔راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارے رہنما ہوائی سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں، وہ ریل سے بھی سفر نہیں کر سکتے، ہمارے لیے اپنے رہنماﺅں کو ایک شہر سے دوسرے شہر بھیجنا مشکل ہو گیا ہے ،ہم اشتہار نہیں دے پا رہے، ملک کے 20 فیصد لوگ ہمیں ووٹ دیتے ہیں،لیکن آج ہمارے پاس دو روپے نہیں ہیں، یہ سب ہمیں الیکشن میں ہرانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے آئینی اداروں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ملک میں آئینی ادارے موجود ہیں لیکن عدالت، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں نے یہ سب ہوتا دیکھ کر بھی کچھ نہیں کہا، الیکشن کمیشن نے بھی کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ بالکل جھوٹ ہے کہ بھارت میں جمہوریت ہے، یہاں جمہوریت نہیں ہے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی بات جھوٹی ہے کیونکہ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے اکاﺅنٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔
راہول گاندھی نے کہا کہ ہمارے لیے انتخابی مہم چلانا مشکل ہو گیا ہے، یہ مجرمانہ کارروائی ہے، یہ سب وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کر رہے ہیں۔