بھارت : کیرالہ میں مٹی کے تودے گرنے سے93افرادہلاک،سوسے زائد زخمی
کیرالہ:بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع وائناڈ کے علاقے میپدی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے93 افراد ہلاک جبکہ سوسے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست کے وزیر صحت وینا جارج نے ایک بیان میں کہا کہ سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاستی وزیرا علی کے مطابق امدادی کارروائی جاری ہے۔کیرالاکے ریاستی ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ سے متعدد افراد کوعلاقے میں بھیجا گیا ہے جبکہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیلئے قومی ڈیزاسٹر فورس تعینات کی گئی ہے۔دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کیرالا کے وزیر اعلی پینارائے وجئین نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست میں عارضی پل بنانے کیلئے فوج سے مدد مانگی گئی ہے ۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ جائے وقوعہ پر ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔