مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشا ءمیں پائیدار امن کی کلید ہے، صدر مملکت
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کلید ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے آج یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ پریڈ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خطے میں عدم استحکام کی ایک بڑی وجہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 76 سال سے اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں۔ہم بھارتی حکومت کی طرف سے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ظلم کے خلاف ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔ صدر مملکت نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری سے بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کی بھی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی اس وقت تک حمایت جاری رکھے گا جب تک ان کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل نہیں نکالا جاتا۔