”یوم پاکستان “ کے موقع پر مظفرآباد میں ریلی کا انعقاد
مظفر آباد: آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں آج” یوم پاکستان “کے موقع پر ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہر کے برہان وانی شہید چوک سے نکالی جانے والی ریلی میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے مہاجرین اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے ” پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ ،پاکستان زندہ باد،کشمیر کی آزادی تک جنگ ریے گی جنگ رہےگی“ کے فلک شگاف نعرے لگا ئے۔
ریلی سے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے رہنماو¿ں راجہ محمد عارف خان ، غلام حسن بٹ ، سید حمزہ شاہین ، چوہدری فیروز دین ، حریت راہنما مشتاق الاسلام ، محمد عاطف لون ، سر انداز میر ، عثمان علی ہاشم ، صدیق داو¿د ، شاہین عباسی ، محمد مقصود مغل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن برصغیر پاک و ہند کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب 1940 میں اس روز لاہور کے منٹوپارک میں منعقدہ آل انڈیا مسلم لیگ کے جلسے میں برصغیر میں ایک الگ مسلم ملک کے قیام کی قرارداد پاس کی گئی اور صرف سات برس کی قلیل مدت میں خطے کے مسلمان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مللکت خدادا د پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
مقررین نے اہل پاکستان کو ”یوم پاکستان “کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ایک زبردست حامی و وکیل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے ، کشمیر ی دراصل تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں ، ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔