بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مزید پیرا ملٹری دستے تعینات کر دیے
سرینگر: نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پارلیمانی انتخابات اور ہندو امرناتھ یاترا سے قبل نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر مزید پیرا ملٹری دستے تعینات کر دیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے مختلف اہم مقامات پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، انڈو تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)، شاشترا سیما بال (ایس ایس بی) اور نیشنل سیکورٹی گارڈ کے مزید دستے تعینات کیے گئے۔بھارتی حکام نے کہا ہے کہ یہ پیرا ملٹری دستے مقبوضہ علاقے میں پہنچ چکے ہیں اور یہ مختلف شہروں کے علاوہ سرینگر جموں شاہراہ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر اس وقت دنیا کا سب زیادہ فوجی تعیناتی والا خطہ مانا جاتا ہے جہاں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوںکی زندگی جہنم بنا دی ہے۔بھارتی فورسز نے سرینگر جموںشاہراہ پر بھی مزید چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں جہاں گاڑیوں ، ان میں سوار مسافروں اور راہگیروں کی بڑے پیمانے پر تلاشی لے جا رہی ہے۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں بھی تیزی لائی ہے۔
مقبوضہ جموںوکشمیر میںپانچ مرحلوں میں بھارتی پارلیمانی انتخابات ہونگے۔ پہلا مرحلہ 19 اپریل، دوسرا مرحلہ 26 اپریل، تیسرا مرحلہ 7 مئی، چوتھا مرحلہ 13 مئی اور پانچواں مرحلہ 20 مئی 2024 کو ہوگا۔ امرناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہو گی جو 31 اگست تک جاری رہے گی۔KMS