مقبوضہ کشمیر کے عوام کل پاکستان کے ساتھ عید منائیں گے
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شوال المکرم کا چاند نظر آنے کے اعلان کے فورا بعد مساجد کے لائوڈ اسپیکرز سے کل پاکستان کے ساتھ عید منانے کے اعلانات کئے گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں علمائے کرام اور مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد کل 10اپریل بروز بدھ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں عید الفطر منائی جائے گی۔پاکستان کے ساتھ عید منانے کی اس روایت سے ظاہرہوتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے عوام گہرے ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام جموں و کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھتے ہیںاور رمضان اور عیدیں پاکستان کے ساتھ مناتے ہیں ۔پاکستانی عوام اور کشمیری عوام کے درمیان موجودقریبی رشتے اور تعلقات جغرافیائی قربت سے ماورا ہیں۔بھارت کی طرف سے شوال کا چاند نظر نہ آنے اعلان کے باوجود پاکستان کی طرف سے کل عید الفطر منانے کا اعلان کشمیریوں کے لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔