ہندواڑہ میں مٹی کا تودے گرنے سے 12بھیڑیں ہلاک
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع کپواڑہ کے علاقے قاضی آباد کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 12 بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک زوردارآواز سنی جس کے بعد وہ جائے وقوعہ پرپہنچے تودیکھا کہ مام دین سیر کا گائو خانہ مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا ہے۔انہوں نے کہااگرچہ ہم نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور پانچ بھیڑوں، ایک گھوڑے اور ایک گائے کو بچانے میں کامیاب ہوئے لیکن اس حادثے میں 12بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں ہمیشہ مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ رہتا ہے اس لیے وہ ایک طویل عرصے سے علاقے میں حفاظتی دیوار بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ اس اہم مسئلے کی طرف توجہ نہیں دے رہی ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بار محکمہ دیہی ترقی سے رجوع کرنے کے باوجودوہ ہماری مددنہیں کررہاہے۔مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ کسانوں کو معاوضہ فراہم کریں۔