بھارت کے سابق وزیر اعظم کا پوتا متعدد خواتین کے جنسی استحصال کے الزامات کے بعد جرمنی فرار
پرجول ریونا بی جے پی کی اتحادی جماعت جنتا دل سیکولر کا رکن پارلیمنٹ ہے
نئی دلی: سابق بھارتی وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اورجنتا دل(سیکولر)کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا متعدد خواتین کی طرف سے جنسی استحصال کے الزامات کے بعد بھارت سے جرمنی فرار ہو گیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرجول ریونا بھارت کے حکمران قومی جمہوری اتحادکی حلیف جماعت جنتا دل سیکولر کے رکن پارلیمنٹ اور جنوبی ریاست کرناٹک کے ہاسن پارلیمانی حلقے سے این ڈی اے کے امیدوار ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم کے پوتے کی خواتین کے ساتھ مبینہ قابل اعتراض ویڈیو26اپریل کولوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ سے دو دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی ،جس کے بعد جنتا دل سیکولر اور بی جے پی کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ بی جے پی کے رہنما اس معاملے پر کھل کر بات کرنے سے کترا رہے ہیں۔ 33سالہ پرجول ریونا کے والد ایچ ڈی ریونا ریاست کرناٹک کے وزیر رہ چکے ہیں اور مبینہ سیکس اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد کرناٹک کی سیاست میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پرجول ریونا بھارت سے فرار ہو کر جرمنی چلاگیا ہے ۔ یہ اسکینڈل گزشتہ ہفتے اس وقت سامنے آیا جب ایک خاتون نے ریونا پر جنسی استحصال کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلا ف پولیس میں مقدمہ درج کرایاتھا۔ متاثرہ خاتون کاکہنا ہے کہ 2019سے 2022کے دوران اسے کئی بار پرجول ریونا جنسی استحصال کانشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں کئی اور خواتین کی جانب سے بھی پرجول پر اسی طرح کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ سیکس اسکینڈل منظر عام پرآنے کے بعد جنتا دل سیکولر کے ایک رکن اسمبلی نے پارٹی صدر دیوے گوڑا کو ایک خط میں پرجول ریونا کو پارٹی سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔