مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت پر دنیا کی خاموشی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، آرمی چیف
رسالپور: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے رسالپور میں پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکا کہنا تھا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب لاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں بوڑھوں،خواتین اوربچوں کااندھا دھند قتل ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہاہے۔
آرمی چیف نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ مہارت اوربہادری کی لازوال روایت کو قائم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت توقع کرتی ہے کہ آپ بہترین جذبہ قائم رکھیں گے۔