نریندر مودی،امت شاہ کو خواتین کی عصمت دری کرنیوالے کیلئے ووٹ مانگنے پر معافی مانگی چاہیے، راہل گاندھی
نئی دلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے 400خواتین کی عصمت دری کرنے والے بھارتی رکن پارلیمنٹ پراجول ریونا کوملک سے فرار ہونے میں مدد کرنے پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ریاست کرناٹکہ کے شہر شیموگا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر کڑی تنقید کی اور 400خواتین کی عصمت دری اور انکی ویڈیو بنانے کے مجرم پراجول ریوانا کیلئے ووٹ مانگنے پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پراجول بی جے پی کی اتحادی جماعت جنتا دل سیکولر کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی اور امت شاہ کو خواتین سے ”اجتماعی عصمت دری کرنے والے” کیلئے ووٹ مانگنے پر معافی مانگنی چاہیے۔راہل گاندھی نے کہاکہ ملک کے تمام محکموں پر کنٹرول ہونے کے باوجود مودی جی نے پرجول کو بھارت سے جرمنی فرارہونے میں مدد کی۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کو ہندوستان کی مائوں اور بہنوں سے بھی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی کے ہر لیڈر کو معلوم تھا کہ پرجول ایک درندہ ہے ، پھر بھی انہوں نے اس کی حمایت کی اور بی جے پی نے جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کیا۔راہل گاندھی نے کہاکہ دنیا میں کبھی کسی بھی لیڈر نے ”اجتماعی عصمت دری کرنے والے مجرم ”کیلئے ووٹ نہیں مانگے یہ اعزاز صرف وزیراعظم نریندر مودی کو ہی حاصل ہے ۔