اشرف صحرائی شہید کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے تیسرے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیاجس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغرنے کی جبکہ عبدالرشید ترابی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے شہید رہنما کی جدوجہد آزادی کیلئے گرانقدر خدمات کو اجاگر کیا۔انہوں نے محمد اشرف صحرائی کی شدیدعلالت کے باوجود ایک منصوبہ بند سازش کے تحت انہیں علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کی جس کی وجہ سے وہ وفات پاگئے ۔ کنوینر محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کہاکہ محمد اشرف صحرائی کی نظربندی کے دوران ان کے علاج کے حوالے سے مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن شوق شہادت سے سرشارحریت رہنما عزم و استقلال کا مجسمہ بنے رہے اور اسی دوران انہوں نے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا۔ دیگرمقررین نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی شہادت سے جہاں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا وہیں تحریک آزادی کی تاریخ میں قربانیوں کا نیا باب رقم ہوا۔انہوں نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے اور قابض طاقت کو ایک واضح پیغام ملا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس بیان پر عمل درآمد اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر ظلم وتشدد اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے بھارت کوروکیں اورغیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنمائوں کی زندگیاں بچانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ مقررین نے تمام نظربندوں کی رہائی ،مقبوضہ علاقے میں نافذ تمام کالے قوانین کی منسوخی ،بھارتی فوجیوں کے انخلاء ، جھوٹے مقدمات اور جعلی مقابلوں کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔کانفرنس کے شرکا ء نے شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس میں حریت پسند عبد الستار چاچا اور حریت رہنما جاوید اقبال بٹ کی ساس کے انتقال پر لواحقین سے اظہارتعزیت کیاگیا اورمرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔آخرپر شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔ کانفرنس میں دیگر لوگوں کے علاوہ حریت رہنمائوں شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی،، محمد حسین خطیب، میر طاہر مسعود، محمد رفیق ڈار، حسن البنائ، راجہ خادم حسین ،نثار مرزا،محمد شفیع ڈار، شیخ محمد یعقوب، ثنا اللہ ڈار، جاوید اقبال بٹ، میاں مظفر، دائود یوسفزئی، شیخ عبدالماجد، گلشن احمد، منظور احمد ڈار،، زاہد اشرف، عدیل مشتاق وانی،سید مشتاق ، نذیر احمد کرنائی، محمد اشرف ڈار،اعجاز رحمانی، رئیس احمد میر، راجہ محمد زرین خان،افسر خان، شوکت علی ابو زر اورعطااللہ نے بھی شرکت کی۔