شہیداشرف صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مظفر آباد میں ریلی کا اہتمام
مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شہید محمد اشرف خان صحرائی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر درج تحریروں میں شہید اشرف صحرائی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ ریلی کے شرکا ء نے آزادی کشمیر ، شہدائے کشمیر اور اشرف صحرائی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ شرکا ء نے”صحرائی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا”، ”جنید تیری شہادت سے انقلاب آئے گا”، ”خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا”جیسے نعرے لگائے۔ مقررین نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد اشرف خان صحرائی نے پوری زندگی کشمیر کی آزادی ، دین اسلام کی تبلیغ ، عوام کے سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ انہوں نے قائد حریت شہید سید علی گیلانی کے ہمراہ ریاست کے طول وعرض میں پہنچ کر کشمیری عوام کو حریت و آزادی کا درس دیااور عوام کو بھارتی قبضے اور استعماری ہتھکنڈوں سے آگاہ کیا ۔ صحرائی شہید نے اپنے بیٹے جنید صحرائی کو کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کیا اور اسکی شہادت پر کلمہِ شکر ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہید اشرف صحرائی نے آزادی کی جدوجہد میں بھارتی جیل میں شہادت پائی لیکن ظالم بھارتی سامراج کے سامنے سرنہیں جھکایا ۔ ریلی کے شرکا ء نے برہان وانی شہید چوک سے بنک روڈ تک مارچ کیا۔ ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان ، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، حریت رہنمائوں زاہد صفی ، مشتاق الاسلام ، سید شعیب شاہ ، عثمان علی ہاشم ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ، سید آصف گیلانی ، مہاجررہنمائوں چوہدری محمد اسماعیل ، سید حمزہ شاہین ، صدیق دائود ، جاوید احمد کار ، محمد اسماعیل اورمحمد اسحاق شاہین نے بھی شرکت کی۔