مقبوضہ جموں وکشمیرمیں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری،متعدد افرادگرفتار
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعددفراد کو گرفتار کر لیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ضلع پونچھ کے علاقوں شاہستار، گرسائی، سنائی، شیندرا ،سرنکوٹ اور مینڈھرکے ساتھ ساتھ راجوری، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کیں اور متعدد افراد کو گرفتار کیا ۔بھارتی فوج نے ان کارروائیوں کے دوران ہیلی کاپٹر کا بھی استعمال کیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے امام صاحب میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
دریں اثناء سرینگر میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں بھارتی فورسز نے علاقے میں پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نے بتایاکہ پولنگ سٹیشنوں کی حفاظت کے لئے ایک جامع سیکورٹی پلان تیار کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر پولنگ اسٹیشن کی حفاظت بھارتی پیراملٹری فورسز اور پولیس کے 12سے 15مسلح اہلکار کریں گے۔سرینگر انتخابی حلقے میں پولنگ 13مئی کو ہوگی۔