مودی حکومت کشمیریوں سے ان کی شناخت، وطن چھیننے کی سازش کر رہی ہے: رپورٹ
اسلام آباد:راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی حمایت یافتہ مودی حکومت کشمیریوں سے ان کی شناخت اور وطن چھیننے کی سازش کر رہی ہے کیونکہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوتوا رہنما جموں وکشمیر کی منفرد شناخت کو ختم کرنے کا کھلے عام اعلان کر رہے ہیں اور بی جے پی اورآر ایس ایس کا مقصد جموں و کشمیر میں قبل از اسلام ہندو تہذیب کوزندہ کرنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس بھارت میں جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کی اپنی دیرینہ خواہش کو پورا کرنا چاہتے ہیں، اسی لئے بھارت منظم طریقے سے مقبوضہ علاقے میں آباد کاری کی راہ ہموار کر رہا ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہارکیاگیا کہ دفعہ 370کی منسوخی کا مقصد بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں بے روزگار اور بے زمین کرنا چاہتی ہے لیکن کشمیری کسی صورت میں بی جے پی آر ایس ایس کو اپنی شناخت چھیننے نہیں دیں گے اور کشمیری عوام ہندو جنونی قوتوں کے غلام بننے پر موت کو ترجیح دیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مودی حکومت کے مذموم ایجنڈے سے مقامی لوگوں میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پیداہواہے، جو اسے اپنی ثقافت اور طرز زندگی پر براہ راست حملہ سمجھتے ہیں۔