آزاد کشمیر

مقررین کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد تیز کرنے کے عزم کا اظہار

mzd 17

مظفر آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد میں منعقدہ سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا عزم ظاہرکیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق "درپیش مسائل اور درکار اقدامات” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کے مقررین نے کہاکہ5اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کے باوجودعالمی سطح پرجموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، شہریوں کی گرفتاریوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاسی رہنمائوں کی نظربندوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے حق خودارادیت کے استعمال کا موقع فراہم کیا جائے ۔انہوں نے دنیا میں حقیقی امن کے قیام کے لیے فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل پرزوردیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جاری جدو جہد کو سیاسی، سفارتی اور عوامی محازوں پرمزید مربوط اور فعال بنانے کیلئے جدو جہد کو تیز کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور کشمیر میں اسرائیل اور بھارت کی دہشت گردی انسانیت کے خلاف ہولناک مظالم کی نشان دہی کر رہی ہے۔اس موقع پر ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما غلام محمد صفی، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی نذیر احمد قریشی، کشمیر گلوبل کے چیئرمین ظفر قریشی،تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی، جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین محمد الطاف بٹ، امریکن ویلفیئر کے چیئرمین سردار ذوالفقار روشن، پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام کے علاوہ راجہ جہانگیر خان،راجہ آفتاب خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button