اقوام متحدہ مودی حکومت کو مقبوضہ جموں میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی سے روکے، سردار عقیق
اسلام آباد 15 اکتوبر (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں بھارتی شہریوں کو بطور ووٹر رجسٹر کرنے سے روکے۔
سردار عتیق احمد خان نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیل کا جو بھیانک جرم کر رہی ہے اس پر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلائیں تاکہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی تبدیلی پر اثر انداز ہونے سے روکنے کے لیے ایک قرارداد منظور کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے متعلقہ چارٹر کے تحت کسی بھی قابض ملک کی طرف سے جموں و کشمیر جیسے اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل متنازعہ خطے میں کوئی یکطرفہ کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے اقوام متحدہ کے قوانین اور احکام کو نظر انداز کرنا عالمی ادارے کے خلاف بغاوت ہے۔
سردار عتیق احمد خان نے عالمی برادری سے گزشتہ کئی سالوں سے بھارتی جیلوں میں بند سینئر حریت رہنماو¿ں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی رہائی میں مدد کی اپیل کی۔