محبوبہ مفتی کا پارٹی کارکنوں ، پولنگ ایجنٹوں کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی دھرنا
سرینگر:بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی پولیس کیطرف سے پارٹی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹوں کی حراست کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ محبوبہ مفتی اسلام آباد ، راجوری حلقے سے بھارتی پارلیمانی انتخابات لڑ رہی ہیں جہاں آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں کے ہمراہ ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑ ہ تھانے کے باہر دھرنا دیا ۔انہو ں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور گرفتار کارکنوں اور پولنگ ایجنٹوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے سری نگر شاہراہ کو بھی بلاک کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جسکے نتیجے میں احتجاج میں شریک پی ڈی پی کے متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔
محبوبہ مفتی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پی ڈی پی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور بلا وجہ گرفتار کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی جا رہی ہے اور اس سب میں لیفٹیننٹ گورنر، ڈی جی پولیس سمیت تمام بڑے انتظامی افسرملوث ہیں۔