مقبوضہ جموں وکشمیر: بھارتی پولیس نے مزید دوکشمیریوں کیساتھ ٹریکنگ سسٹم لگا دیا
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پولیس نے شخصی آزادی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع اسلام آباد میں مزید دو کشمیریوں کیساتھ گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) نصب کردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے ضلع اسلام آباد کے کے علاقے ڈورو کے رہائشی ان نوجوانوں کو 2018میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیاتھا۔انہیں ضمانت پر رہاکیا گیا ہے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے ان کے بدن کے ساتھ ٹریکنگ سٹم نصب کر دیا گیا۔
قبل ازیں دو روز قبل پولیس نے ضلع بارہمولہ میں عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے والے ایک کشمیری کے ساتھ ٹریکنگ سسٹم لگا دیا تھا جبکہ سرینگر کے رہائشی65سالہ غلام محمد بٹ کے ساتھ بھی نومبر 2023میں جی پی ایس سٹم لگا دیا گیا تھا ۔
حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے ساتھ ٹریکر سسٹم نصب کرنے کے بھارتی حکام کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شخصی آزادی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی شخص مجرم ثابت نہ ہو جائے اسے اس طرح کی پابندیوں کے دائرے میں لانا شدید ناانصافی ہے۔