انجینئر رشید نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے لیے درخواست ضمانت دائر کردی
نئی دہلی: نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں ایک جھوٹے مقدمے میں بند کشمیری سیاستدان انجینئر عبدالرشید نے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کیلئے نئی دلی کی ایک عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے بھارتی پارلیمنٹ کے حالیہ انتخابات میں مقبوضہ وادی کشمیر کی بارہمولہ نشست پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور نیشنل کانفرنس کے امیدوار عمر عبداللہ کو شکست دی۔
انجینئر رشید کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتار کر رکھا ہے اور وہ 9 اگست 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
انجینئر رشید کے وکیل ایڈووکیٹ وکیات اوبرائے نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ نئی دلی کی پٹیالہ ہاوس عدالت میں درخواست ضمانت بدھ کے روز دائر کی گئی تھی جس میں حلف اٹھانے اور دیگر پارلیمانی کام انجام دینے کے لیے عبوری ضمانت اور متبادل حراستی پیرول کی درخواست کی گئی تھی۔