بھارت :منی پور ایک بارپھر تشدد کی زدمیں، کوکی اورمیتی قبائل کے درمیان شدید جھڑپیں
نئی دہلی:بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور ایک بارپھرتشدد کی زد میں ہے اورریاست کے علاقے جیریبام میں کوکی عسکریت پسندوں نے باراک سرکل کے کئی میتی دیہات پر حملے شروع کر دیے جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں تباہی پھیلی ہے اورلوگ بے گھر ہونے پر مجبورہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جھڑپوں کے نتیجے میں لمتائی کھنو، ڈبونگ کھنو، ننکھل اور بیگرا دیہات میں 70سے زائد مکانات کو نذر آتش کر دیا گیا جبکہ دو پولیس چوکیوں اور محکمہ جنگلات کے ایک دفتر کو بھی آگ لگاکر خاکستر کر دیا گیا۔ تشدد سے ایک 59سالہ میتی کسان سوئیبم سرت کمار سنگھ کی جان چلی گئی جس کی لاش پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔ اس دوران 200سے زیادہ میتی لوگ جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، ایک ریلیف کیمپ میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے جبکہ ضلع جیریبام اور اس سے ملحقہ ضلع تامینگلونگ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے علاقے میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔منی پور حکومت نے تشدد کے باعث جیریبام کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے گھنشیام شرما کا تبادلہ کر دیا ہے۔صورتحال بدستور خراب ہے اوردونوں قبائل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔