کشمیری سیاسی نظربندوں کی عیدالاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی عیدالاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت سینکڑوں حریت رہنمائوں کو مختلف جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ عدالتیں بیشتر نظربندوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظربندی کو کالعدم قراردے چکی ہیں تاہم انہیں رہاکرنے کی بجائے دوبارہ کسی اور جھوٹے مقدمے میں ملوث کر دیاجاتاہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہاکہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی غیر قانونی نظربندی طول دینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ حریت رہنماء نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربند وں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔