مودی حکومت کشمیر کے حوالے سے اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے
اسلام آباد :بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے اپنے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کشمیر کے حوالے سے اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کے لیے سچ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔رپورٹ میں سوال اٹھایاگیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5اگست 2019سے اب تک 875کشمیریوں کو شہید،2404کوزخمی اور 24118کوگرفتار کیاگیا ، کیا یہ معمول کے حالات ہیں ؟رپورٹ میں کہاگیا کہ روزانہ کی بنیاد پربے گناہ کشمیریوں کاقتل، گرفتاریاں اورنظربندیاں اورکالے قوانین کا نفاذمقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی دعوے کی نفی کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت یہ دکھانے کی کوشش کررہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہاں سب کچھ معمول کے برعکس ہے۔ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کا بھارتی دعویٰ ایک مذاق اور عالمی برادری کوگمراہ کرنے کی ناکام کوشش کے سوا کچھ نہیں۔رپورٹ میں کہاگیاکہ کشمیری عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے کیونکہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام ایک خواب ہی رہے گا۔