نام نہاد ٹربیونل نے مسلم لیگ اورتحریک حریت پر پابندی کی توثیق کردی
سرینگر: غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت تشکیل دیے گئے ایک ٹریبونل نے آج کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی زیر قیادت مسلم لیگ جموں وکشمیر اور جموں و کشمیرتحریک حریت پر عائد کی گئی پانچ سال کی پابندی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کے جج سچن دتا کی سربراہی میں ٹریبونل رواں سال جنوری میں تشکیل دیاگیاتھا تاکہ اس بات فیصلہ کیا جائے کہ پابندی درست ہے یا غلط۔ دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند مسرت عالم بٹ کی زیر قیادت مسلم لیگ جموں و کشمیر پر بھارتی وزارت داخلہ نے 27دسمبر 2023کو باضابطہ طور پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔تحریک حریت جموں وکشمیر پرجس کے بانی قائد حریت سید علی گیلانی تھے، 31دسمبر 2023کوپابندی عائد کی گئی تھی۔بھارتی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں 10آزادی پسند تنظیموں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت پابندی عائد کردی ہے۔