مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت رہنمائوں اوردیگر کا مولانا نوشہری کے انتقال پر اظہارتعزیت

Nawaiسرینگر25جون:  کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے ممتاز رہنما مولانا غلام نبی نوشہری کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جو گزشتہ روز اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اور ایاز اکبر نے اپنے الگ الگ پیغامات میں مولانا نوشہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان زندگی بھر کی جدوجہد اور تحریک آزادی کے لیے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا نوشہری ایک ایماندار اور دیانتدار آدمی تھے جنہوں نے بے باکی سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی وکالت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں بشمول پروفیسر عبدالغنی بٹ اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں مولانا نوشہری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تحریک آزادی کے لیے مولانا نوشہری کے غیر متزلزل لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے سوگوار خاندان اور جماعت اسلامی سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کوجنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
ورلڈ کشمیر ایویرنیس فورم کے سیکریٹری جنرل غلام نبی فائی نے بھی اپنے ایک بیان میں مولانا غلام نبی نوشہری کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ایک رکن پارلیمنٹ، سماجی کارکن، داعی، جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے سینئر رہنما اور ماہر تعلیم تھے۔ وہ 1950کی دہائی کے اوائل سے تحریک آزادی کشمیر میں براہ راست شریک تھے۔ وہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے منتخب رکن اور سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی کے قریبی ساتھی تھے اور پاکستان میں رہتے ہوئے ان دونوں کی نمائندگی کرتے تھے۔ڈاکٹرفائی نے کہاکہ ہم کشمیر کاز کے لیے ان کے عزم اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام مولانا نوشہری کی بے لوث خدمات اور انتھک کوششوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button