اسلام آباد:مقبوضہ جموں وکشمیر میں شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد19 نومبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار شہریوں کے حالیہ بہیمانہ قتل کے خلاف آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کیا تھا۔ حریت رہنماﺅں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی بیگناہ کشمیریوں کو روز شہید کر رہے ہیں جسکا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیںقربان کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔حریت رہنماوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں جبر و استبداد تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں لیکن کشمیری عوام بھارتی جبر کے باوجود جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔