بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر مودی حکومت کی مذمت
حیدر پورہ سرینگر کے جعلی مقابلے میں معصوم شہریوں کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر21 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں نظربندحریت رہنماوں اور کارکنوں کے ساتھ روارکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی جیلوں میں جس طرح سے کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ جو ضمیر کے قیدی ہیں ، سلوک کیا جارہا ہے اس کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں بزرگ رہنما اور کارکن متعددعارضوں میں مبتلا ہیں لیکن انہیں ضروری طبی علاج فراہم نہیں کیا جارہا۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور تہاڑ، آگرہ، جودھ پور، کرنال اور دیگر بھارتی جیلوں میںنظربند ہزاروں قیدیوں کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا جن کا واحد جرم حق خودارادیت کا مطالبہ کرنا ہے۔
جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں پربدترین مظالم ڈھا رہے ہیں اور علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔
دریں اثناءسابق بھارتی وزیر یشونت سنہاکی زیر قیادت بھارت کے ایک سول سوسائٹی گروپ” کنسرنڈ سٹیزنز گروپ“ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حیدر پورہ جعلی مقابلے میں معصوم شہریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سچ سامنے لانے کے لیے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ گروپ نے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ گروپ نے کہا کہ شہریوںکے قتل سے ظاہر ہوتا ہے کہ زمینی صورتحال معمول کے بالکل برعکس ہے جس کا بھارتی حکومت دعویٰ کررہی ہے۔ سٹیزنزگروپ نے بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے بیان کی بھی مذمت کی جس میں انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو تشددکرکے قتل کرنے کی حمایت کی تھی۔
جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے جموں میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں و کشمیرکو اپنے پیروں تلے روند دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر متعصب بیوروکریٹس کے ذریعے کشمیری عوام پر بھارت کی پراکسی حکمرانی مسلط کی گئی ہے۔
مقبوضہ جموںوکشمیر میں کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے اسلام آباد قصبے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی بہت جلد دفعہ 370 کی منسوخی پر معافی مانگیں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے جس طرح زرعی قوانین کو واپس لیا اسی طرح جموں و کشمیر میں غیر قانونی تبدیلیاں بھی واپس ہونگی۔
ضلع رامبن کی ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن شمشاد شان نے رامبن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکام نے حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید کئے گئے تیسرے شہری عامر ماگرے کی میت لواحقین کے حوالے نہ کی تو ہم احتجاج کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔