کانگریس پارٹی کا سونیا گاندھی کی ای ڈی کے دفتر پیشی کیخلاف بھارت بھر میں احتجاج کااعلان
نئی دلی14 جولائی (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی نے پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کی21جولائی کو تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں پیشی کے موقع پر بھارت بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ای ڈی نے سونیا گاندھی کو منی لانڈرنگ کے نیشنل ہیرالڈ کیس میں طلب کیا ہے ۔اس سے قبل ای ڈی نے اسی مقدمے میں گزشتہ ماہ 5دن تک راہل گاندھی سے پوچھ گچھ کی تھی۔ سونیا گاندھی کو 21جولائی ای ڈی ہیڈ کوارٹر طلب کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ سونیا گاندھی کی ای ڈی ہیڈکوارٹر میں طلبی کے موقع پر بھارت بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سونیا گاندھی ضرور ای ڈی کے دفتر جائیں گی اور مودی حکومت کا سامنا کریں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ 18جولائی سے شروع ہونے والے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی کانگریس پارٹی مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف زبردسست احتجاج کرے گی ۔