مقبوضہ کشمیر :میرواعظ کی بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ پر قابض انتظامیہ پر کڑی تنقید
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے قابض حکام کو شدید گرم موسم کے دوران بجلی کی بڑے پیمانے پر لوڈ شیڈنگ پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں بجلی کی بڑے پیمانے پرلوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کشمیری عوام کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ قابض حکام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کشمیریوں کو پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مسلسل ناکام ہے ۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کو موسم سرما کے دوران بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامناتھا اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال اب انتہائی سنگین ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ شروع ہو رہا ہے اور یہ قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوںکو بجلی اور دیگر اشیائے ضررویہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔میر واعظ نے کشمیر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ تذکیہ نفس اختیار کریں کیونکہ اللہ کو ناپسندیدہ اعمال سخت آزمائشوں کا باعث ہوتے ہیں ۔انہوں نے باران رحمت کے لیے بھی دعاکی ۔