خصوصی دن

حریت رہنماﺅں ، تنظیموں کا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور کربلا کے دیگر شہداکو خراج عقیدت

0سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور حریت تنظیموں نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور کربلا کے دیگر شہداکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کربلا اس بات کا مظہر ہے کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں شہدائے کربلا بالخصوص پیغمبر اسلام ﷺ کے پیارے نواسے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے بہادر رفقاءکے ہمراہ تاریخ ساز قربانیاں قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ میر واعظ نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظالموں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر کے ایک ایسی مثال قائم کی جو قیامت تک حق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو تحریک دیتی رہے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیم جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے عقیدت مند ساتھیوں کی عظیم قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ تنظیم نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد اور قربانیوں نے ہمیں ناانصافی، ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے۔
تحریک وحدت اسلامی کے نظر بند رہنما رہنما فیاض حسین جعفری اور رہنما پروان ولایت سید سبط شبیر قم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وقت کی جابر طاقتوں نے دنیا بھر بالخصوص کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نواسہ رسولﷺ نے حق و صداقت کے راستے میں جو عظیم قربانی اللہ تعالیٰ کی راہ میں پیش کی وہ سچائی کے راستے پر چلنے والوں کیلئے تا قیادت مشعل راہ رہے گی۔ انہوںنے کہا کہ سیدنا حسین نے میدان کربلا میں اپنی اور اپنے رفقاکی جانوں کا نذرانہ دیکر رہتی دنیا تک مسلمانوں کو ظالم و جابر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت کیلئے مرمٹنے کا پیغام دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ہندو توا اور اسرائیل کی صہیونی حکومت مسلمانوں کا وجود مٹانے کے در پے ہیں اور جو لوگ ان دونوں کو للگار رہے ہیں وہ درحقیقت حسینیت کے راستے پرگامزن ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button